ڈی پی او کی زیر صدارت سکیورٹی برانچ کا اجلاس، زیرو ٹالرنس کا اعادہ
ٹاؤٹ مافیا، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیر صدارت سکیورٹی برانچ کے افسران و اہلکاروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سکیورٹی صورتحال، برانچ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور جاری سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ بدعنوانی، غفلت، حقائق چھپانے یا کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام واقعات، حساس معاملات اور اہم پیش رفت کی فوری، درست اور بروقت رپورٹنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ڈی پی او نے تمام تھانوں میں ٹاؤٹ مافیا، رسہ گیروں اور دیگر غیر قانونی عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور فوری رپورٹنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر پولیس کے وقار اور عوامی اعتماد کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے ۔
انہوں نے ریپ کیسز کے ریکارڈ یافتہ ملزمان، منشیات فروشوں، جوئے کے اڈوں سے وابستہ عناصر اور دیگر جرائم پیشہ افراد کی مسلسل نگرانی، انٹیلی جنس بیسڈ مانیٹرنگ اور مؤثر قانونی کارروائی مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ کسی بھی ملزم کی ہتھکڑیوں کے بغیر منتقلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و اہلکار ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سکیورٹی برانچ کے افسران کی انفرادی کارکردگی کا ہر پندرہ روز بعد جائزہ لیا جائے گا۔جبکہ بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔