ہاؤسنگ کالونی نمبر 1 کا پارک انتظامی غفلت کا شکار
چار دیواری متعدد مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،مرکزی گیٹ غائب
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ہاؤسنگ کالونی نمبر 1 میں عثمانیہ مسجد کے قریب واقع پارک طویل عرصے سے انتظامی عدم توجہی کا شکار ہے ، جس کے باعث اہل علاقہ اور شہری حلقوں نے اس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ شہر کے دیگر پارکوں کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی پر توجہ دے رہی ہے ، تاہم اس پارک کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پارک کی چار دیواری متعدد مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، مرکزی گیٹ عرصہ دراز سے غائب ہے ، جبکہ صفائی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث پارک ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ صورتحال کے باعث پارک میں نشئیوں اور آوارہ افراد کی آمدورفت بڑھ گئی ہے ، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور شام کے اوقات میں پارک کا استعمال مشکل ہو گیا ہے ۔اہل علاقہ نے کہا کہ یہ پارک بڑی آبادی کے لیے واحد تفریحی مقام ہے ، اس لیے اس کی بحالی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پارک کی فوری صفائی، ٹوٹی ہوئی دیواروں کی مرمت، مرکزی گیٹ کی تنصیب، مناسب روشنی اور سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں، جبکہ نشئیوں اور دیگر غیر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے پارک کو دوبارہ بچوں اور خاندانوں کے لیے محفوظ اور پرکشش تفریحی مقام بنایا جائے ۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو پارک مزید خستہ حال ہو جائے گا اور عوامی وسائل سے تعمیر کی گئی یہ سہولت اپنی افادیت کھو دے گی۔