اراکین پریس کلب واہلخانہ کیلئے مطالعاتی وتفریحی دورہ

اراکین پریس کلب واہلخانہ کیلئے مطالعاتی وتفریحی دورہ

شرکاء نے موہاٹہ پیلس میوزیم میں نایاب فن پاروں کا تفصیلی مشاہدہ کیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کے زیرِ اہتمام اتوار کی شام اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے موہاٹہ پیلس میوزیم کا مطالعاتی و تفریحی دورہ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔دورے کے دوران شرکاء نے میوزیم میں محفوظ نایاب فن پاروں، تاریخی دستاویزات، ثقافتی نوادرات اور آرٹ کے قیمتی نمونوں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ میوزیم کے ماہر عملے نے شرکاء کو موہاٹہ پیلس کی تاریخی، ثقافتی اور تعمیراتی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس شاندار عمارت کی تعمیر 1927ء میں مکمل ہوئی تھی، جبکہ اس کا نقشہ برصغیر کے پہلے مسلمان آرکیٹیکٹ آغا احمد حسین نے تیار کیا تھا۔شرکاء کو بتایا گیا کہ قیامِ پاکستان کے بعد مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے بھی اس تاریخی عمارت میں چند برس قیام کیا، جس کے باعث موہاٹہ پیلس کو قومی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل ہے ۔ اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، تاریخی ورثے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور اس یادگار موقع کو تصاویر کی صورت میں محفوظ بھی کیا۔دورے کے اختتام پر اراکینِ کراچی پریس کلب نے اس معلوماتی، تعلیمی اور تفریحی پروگرام کے کامیاب انعقاد پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی اور لائبریری کمیٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں