ٹوبہ :ون وے روڈ منصوبے میں روڈ کٹس ختم کرنے پر تحفظات
مجموعی طور پر 10 روڈ کٹس کو کم کر کے تین کر دیا گیا ، لوگوں کو مشکلات
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)موٹر وے ایم فور ٹوبہ انٹرچینج سے ایم تھری رجانہ انٹرچینج تک جاری ون وے روڈ منصوبے کے تحت اندرون شہر سڑک کی ازسرنو تعمیر کے دوران متعدد روڈ کٹس اور یوٹرنز ختم کیے جانے پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متبادل انتظامات کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق جھنگ روڈ پر گورنمنٹ کالج برائے خواتین سے رجانہ روڈ نئی سبزی منڈی تک ون وے سڑک 2011 میں تعمیر کی گئی تھی، جہاں مرکزی امام بارگاہ روڈ، ڈاکٹر نصیر روڈ، پرانی سبزی منڈی روڈ، جنرل بس سٹینڈ کے داخلی و خارجی گیٹس، ضلع کچہری گیٹ، اٹک پٹرول پمپ، کینال روڈ اور ضلع کونسل گیٹ سمیت مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 10 روڈ کٹس موجود تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے منصوبے میں صرف ضلع کونسل گیٹ، ضلع کچہری گیٹ اور جنرل بس اسٹینڈ کے داخلی گیٹ کے سامنے تین روڈ کٹس برقرار رکھی گئی ہیں، جبکہ دیگر سات روڈ کٹس ختم کر دی گئی ہیں، جس سے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے کئی کلومیٹر اضافی سفر کرنا پڑے گا۔شہری حلقوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی معیار کے مطابق اگر روڈ کٹس محدود کی جائیں تو متبادل سروس روڈز بھی تعمیر کیے جاتے ہیں، تاہم اس منصوبے میں ایسی کوئی سہولت نظر نہیں آتی۔ ان کے مطابق اس سے کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور رہائشی علاقوں تک رسائی متاثر ہوگی، جبکہ بزرگ شہریوں، خواتین، طلبہ اور مریضوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں گی۔
شہریوں نے مزید کہا کہ مناسب متبادل راستے نہ ہونے کی صورت میں بعض افراد مجبوری کے تحت ون وے کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں، جس سے ٹریفک حادثات کے امکانات بڑھنے کے ساتھ ہنگامی حالات میں ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل بس سٹینڈ کے رجانہ روڈ کی جانب خارجی گیٹ، ڈاکٹر نصیر روڈ اور مرکزی امام بارگاہ روڈ کے قریب یوٹرنز اور روڈ کٹس بحال کی جائیں تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات، اضافی سفر، وقت اور ایندھن کے ضیاع سے بچایا جا سکے۔