چنیوٹ :ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 532 چالان

چنیوٹ :ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 532 چالان

9 لاکھ 95 ہزار روپے سے زائد جرمانے ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف بھی ایکشن

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے چنیوٹ ٹریفک پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک خرم شہزاد کی زیر نگرانی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 532گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کیے گئے ، جبکہ 9 لاکھ 95 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 21 بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیوروں، 29 اوورلوڈ گاڑیوں، 11 بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں، 13 کم عمر ڈرائیوروں، 68 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں اور 7 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر 300 ٹریفک خلاف ورزیوں پر بھی چالان کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے قانونی کارروائیوں کے ساتھ آگاہی مہم بھی جاری ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی مہم کے تحت ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جا رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا ڈرائیونگ لائسنس ضرور بنوائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں