واسا نے مرکزی شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کر دی

 واسا نے مرکزی شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کر دی

شہر میں سب سے زیادہ 55 ملی میٹر بارش علامہ اقبال کالونی میں ریکارڈ کی گئی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا کا آپریشنز اسٹاف فیلڈ میں متحرک رہا، جس کے باعث شہر میں ہونے والی 55 ملی میٹر تک بارش کے پانی کی نکاسی مختصر وقت میں مکمل کر دی گئی۔واسا کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ 55 ملی میٹر بارش علامہ اقبال کالونی میں ریکارڈ کی گئی۔ بارش رکتے ہی آپریشنز اسٹاف پونڈنگ پوائنٹس پر پہنچ گیا، جبکہ ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینوں اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھتے ہوئے نکاسی آب کا عمل فوری طور پر شروع کیا گیا۔

ایم ڈی واسا کی ہدایات پر آپریشنز افسران اور فیلڈ عملے نے مختلف علاقوں میں بارشی پانی کے فوری اخراج کے لیے ڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر مشینری استعمال کی، جس کے نتیجے میں عبداللہ پور، نشاط آباد، ناولٹی پل کے نیچے گزرگاہ، ستیانہ روڈ، شیخوپورہ روڈ، سمندری روڈ، جھنگ روڈ، بلال روڈ اور سرگودھا روڈ سمیت متعدد مرکزی شاہراہوں سے بارشی پانی نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔ثاقب رضا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں اور اہم چوراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل کی گئی ہے ، جبکہ دوسرے مرحلے میں گلی محلوں سے پانی نکالنے کا عمل جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں