کمشنر کا بارش کے بعد نکاسی آب کا جائزہ، شہر کو دورہ

کمشنر کا بارش کے بعد نکاسی آب کا جائزہ، شہر کو دورہ

واسا اور ستھرا پنجاب ایجنسی کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا اور واسا حکام کو فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے نکاسی آب کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے سمندری روڈ، ڈی ٹائپ، علامہ اقبال کالونی، جی سی ویمن یونیورسٹی روڈ، سوساں روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا اور واسا کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر صفائی کے انتظامات مؤثر ہونے چاہئیں۔

مسرت جبیں نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ان کی شکایات کے ازالے کو ترجیح دی جائے ۔دریں اثنا، شہر میں بارش کے دوران واسا کا آپریشنز اسٹاف متحرک رہا۔ واسا کے مطابق سب سے زیادہ 55 ملی میٹر بارش علامہ اقبال کالونی میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈوگر بستی میں 48، جیل روڈ اور مدینہ ٹاؤن میں 45، 45، گلستان کالونی میں 44 اور غلام محمد آباد میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی۔بارش تھمنے کے فوراً بعد آپریشنز اسٹاف پونڈنگ پوائنٹس پر پہنچ گیا اور ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت دیگر مشینری کے ذریعے مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کا عمل جاری رکھا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں