ڈی جی ایف ڈی اے کاڈینگی سرویلنس سرگرمیاں دوگنا کرنے کا حکم
فرائض میں غفلت یا کوتاہی برتنے والے اہلکاروں سے بازپرس ہوگی :آصف چودھری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کے سلسلے میں سرویلنس سرگرمیاں دوگنا کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ عملے کو پہلے سے زیادہ متحرک اور فعال ہوکر ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کی بروقت نشاندہی اور مؤثر تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سرویلنس عملے کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی برتنے والے اہلکاروں سے بازپرس کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے محض روایتی اقدامات کافی نہیں بلکہ مسلسل نگرانی، فوری کارروائی اور ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے ۔ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ہنگامی اجلاس منعقد کرکے انسدادِ ڈینگی سرویلنس عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی قائم کردہ ہدایات پر مؤثر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے ، کیونکہ بارشوں کے موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کمپلیکس اور تمام ذیلی دفاتر کی عمارتوں، چھتوں، لانز، پارکنگ ایریاز، گملوں، کولرز، نکاسی آب کے مقامات اور دیگر ممکنہ جگہوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے ۔ بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی کے فوری اخراج، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا نہ ہو۔ انہوں نے نجی رہائشی سوسائٹیوں میں ڈینگی سرویلنس مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں کے منتظمین کو بھی انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments