چنیوٹ :ڈی سی کے تعلیمی اداروں کے دورے ، سہولیات کا جائزہ
صفائی کا معیار مزید بہتر بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے مختلف تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کیے اور تعلیمی امور سمیت طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ لیب ایکسیلینٹ ہائر سیکنڈری سکول چنیوٹ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کچہری روڈ، گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول مندر والا اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مندر روڈ چنیوٹ کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کرتے ہوئے تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ کلاس رومز میں ہوا اور روشنی کے مناسب انتظامات، طلبہ کے بیٹھنے کی سہولت اور دیگر تعلیمی ضروریات بھی چیک کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، صفائی ستھرائی، کلاس رومز کی حالت، سکیورٹی اور طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی دیگر بنیادی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی کا معیار مزید بہتر بنانے اور تمام بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر عائشہ رضوان نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ صاف ستھرا، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کرنا بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ سکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، مناسب روشنی و ہوا اور صفائی سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments