اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام معمول، شہری گھنٹوں خوار
چوک چوراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ٹریفک پولیس حکام کی ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے بجائے تمام تر توجہ چالان مہم پر مرکوز ،شہریوں کا مؤثر اقدامات کا مطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) شہر کی مختلف اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر مقامات پر صبح و شام کے اوقات میں ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنا معمول بن گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے مبینہ طور پر تمام تر توجہ چالان مہم پر مرکوز کردی گئی ہے ۔ ایک طرف شہری ٹریفک جام اور طویل قطاروں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں تو دوسری جانب ٹریفک افسران اور اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر بلاجواز بھاری چالان کیے جانے سے انہیں دوہری اذیت کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کی سڑکوں پر لاکھوں موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، رکشے ، بسیں، ٹرک اور دیگر گاڑیاں رواں دواں رہتی ہیں۔ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ سمندری روڈ، کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، سول لائن روڈ، جیل روڈ، بلال روڈ، کوتوالی روڈ، جھنگ روڈ، راجباہ روڈ، ریلوے روڈ، ستیانہ روڈ، نڑوالا روڈ اور سوساں روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر صبح و شام ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں، جس کے باعث شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں اور انہیں اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہلکاروں کی تعیناتی اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے بجائے بعض مقامات پر مین شاہراہوں پر ناکہ بندی کرکے چالان کیے جاتے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے چالانوں کا ہدف پورا کرنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔شہریوں کے مطابق ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے والے اہلکاروں کے بجائے مبینہ طور پر محصولات وصول کرنے والے اہلکار محسوس ہوتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے متعدد بار شکایات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔ بعض شہریوں نے یہ شکایت بھی کی کہ مبینہ طور پر بلاجواز چالان پر احتجاج کرنے والوں کے ساتھ بدسلوکی اور مقدمات درج کیے جانے کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے ، ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ بلاجواز چالان کا سلسلہ ختم کرکے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments