ٹھیکریوالا:مبینہ زہریلے دھوئیں کا اخراج، شہریوں کو مشکلات
شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور شدید بدبو کا سامنا ، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) جھنگ روڈ کے علاقے سدھار اور گردونواح میں رات کے اوقات میں مبینہ طور پر زہریلی گیسوں اور دھوئیں کے اخراج سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ فضا میں پھیلنے والی شدید بدبو اور دھوئیں کے باعث مقامی رہائشیوں، بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق رات کے وقت فضا میں دھوئیں اور مبینہ زہریلی گیسوں کے اخراج کا سلسلہ معمول بن چکا ہے ، جس سے ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ گھروں میں موجود افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں دھوئیں کی شدت بڑھ جاتی ہے ، جس کے باعث سانس لینے میں دشواری اور شدید بدبو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضا میں دھوئیں اور گیسوں کے مبینہ اخراج میں بعض مقامی صنعتی یونٹس کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، تاہم اس حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔مقامی رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فضائی آلودگی کے اسباب کا تعین کیا جائے ، صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا جائے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments