بھوآنہ:جعلی پیر نے اہل خانہ کو بے ہوش کرکے لوٹ لیا
نشہ آور مشروب پلا کر ایک تولہ سونا، دس ہزار روپے اور پانچ تولہ چاندی لوٹ لی
بھوآنہ (نمائندہ دنیا ) چک نمبر 237 لنگرآنہ میں مبینہ جعلی پیر نے نشہ آور مشروب پلا کر اہل خانہ کو بے ہوش کردیا اور گھر سے سونا، نقدی اور چاندی لوٹ کر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لیہ کا رہائشی منظور حسین شاہ گاؤں کے رہائشی ممتاز حسین کے گھر داخل ہوا اور رات گزارنے کا بہانہ کیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر تعویذ دینے اور جادو ٹونے کے بہانے اہل خانہ کو نشہ آور لسی پلا دی، جس سے گھر کے تمام افراد بے ہوش ہوگئے ۔ ملزم گھر میں موجود ایک تولہ سونا، دس ہزار روپے نقدی اور پانچ تولہ چاندی لے کر فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ لنگرانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے ممتاز حسین کی مدعیت میں منظور حسین شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments