ڈی سی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، سول ہسپتال کا معائنہ

 ڈی سی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، سول ہسپتال کا معائنہ

گرلز ہائی سکول تہذیب البنات اور ٹیچنگ ہسپتال بھی گئے ،سہولیات کی فراہمی پر زور

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے جی ٹی روڈ، جناح روڈ، اندرونِ شہر، نیائیں چوک، میلاد المصطفیٰ چوک، کالج روڈ اور ملحقہ بازاروں و گلی محلوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔

کرسمس کی چھٹیوں کے دوران جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ گھروں سے کوڑا کرکٹ کی باقاعدہ کولیکشن ہر صورت یقینی بنائی جائے، انہوں نے جی ٹی روڈ اور پنڈی بائپاس/شہباز شریف فلائی اوور سے متصل گرین بیلٹس کی بحالی اور شہر کی خوبصورتی کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔

پی ایچ اے حکام کو موسمی پھول لگانے، گھاس کی بحالی اور سنٹر میڈینز کے پینٹ ورک کی ہدایت کی گئی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے گھنٹہ گھر چوک میں تاریخی عمارت کی تزئین و آرائش کے کام دیکھے، گوندلانوالہ روڈ پر پیٹرول پمپ کا معائنہ کیا اور درست پیمانے پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تہذیب البنات اور گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ بھی کیا، جہاں طبی سہولیات، ادویات، صفائی اور عملے کی حاضری چیک کی اور مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں