تاریخی مہنگائی ، بے یقینی کی تلخ یادوں کیساتھ 2025 رخصت
بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلز، ادویات اور اشیائے خور ونوش کی قیمتیں پر شہری پریشان
علی پور چٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پور چٹھہ میں 2025 تاریخ ساز مہنگائی، کرب اور بے یقینی کی تلخ یادوں کے ساتھ رخصت ، 2026 سے محتاط امیدیں وابستہ، 2025 آج تلخ یادوں، معاشی دباؤ اور ذہنی اذیت کے بوجھ کے ساتھ رخصت ہو گیا مگر عام آدمی کیلئے حالات میں بہتری کے کو ئی آثار نظر نہیں آ رہے ۔ مہنگائی کے طوفان نے متوسط اور سفید پوش طبقے کو زندہ رہنے کی جدوجہد میں مبتلا کر دیا جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا بھی کسی امتحان سے کم نہیں رہا۔ ایک سروے میں شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تاریخ ساز ٹیکسوں کی بھرمار نے مہنگائی کے گراف کو آسمان تک پہنچا دیا۔ بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلز، جان بچانے والی ادویات اور اشیائے خور ونوش کی مادر پدر آزاد قیمتوں نے 2025 کو عوام کیلئے اذیت ناک بنا دیا۔ شہریوں نے کہا کہ آمدن کی شرح کے مقابلے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافے نے فاقہ کشی، ذہنی تناؤ اور بعض مقامات پر خودکشی جیسے المناک واقعات کو بھی جنم دیا، بہتر مستقبل کی تلاش میں شہری غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہوئے جہاں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جو حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔