جامعہ گجرات کا پی پی ایل ٹورنامنٹ یو او جی سٹالنز نے جیت لیا
گجرات(سٹی رپورٹر)جامعہ گجرات کے ڈائریکٹوریٹ برائے سپورٹس کے زیرِ اہتمام پی پی ایل ٹورنامنٹ سیزن ون کے فائنل کا انعقادیو او جی اسپورٹس کمپلیکس حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔
فائنل میں یو او جی سٹالنز نے ایگل سٹرائیکرز کو شاندار مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پی پی ایل سیزن ون بارہ ٹیموں پر مشتمل ایک کامیاب اور یادگار میچ سیریز تھی جس میں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے کھیلوں سے اپنی دلچسپی کا ثبوت دیا اور جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس ناصرہ پروین تھیں۔ ناصرہ پروین نے پی پی ایل کے منتظمین عدنان، حبیب کاکڑ اور ایاز خان کو ایونٹ کے شاندار اور منظم انعقاد پرمبارکباد پیش کی۔ ناصرہ پروین نے کہا مثبت غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آئندہ بھی ان سرگرمیوں کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔مزید براں جامعہ گجرات کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نائٹ سپورٹس کے لیے لائٹس کی تنصیب پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔