محکمہ ایکسائز کی کارروائی غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا
سیالکوٹ کینٹ کے علاقے میں محکمہ ایکسائز ودیگراداروں نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور واجب الادا ٹیکس کاجائزہ لیا، مہم جاری رہے گی،موٹر وہیکل قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا:حکام
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )محکمہ ایکسائز کی دیگر اداروں کے ساتھ ملکرغیررجسٹرڈ اور ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کینٹ میں مشترکہ کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کوتحویل میں لے لیاگیا ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ نے کینٹ کے علاقے میں مشترکہ طور پر سنیپ چیکنگ کی کارروائی کے دوران گاڑیوں کی رجسٹریشن اور واجب الادا ٹیکس کی جانچ پڑتال کی ۔
اس دوران غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو قانون کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عملے نے اپنی تحویل میں لے لیا۔یہ کارروائی موٹر وہیکل قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے کی گئی۔ حکام کے مطابق آئندہ بھی ایسی چیکنگ مہمات جاری رہیں گی تاکہ خلاف ورزیوں کی روک تھام اور قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے ۔حکام نے کہا کہ ریجن بھر میں نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے گی۔