پکاگڑھا میں آوارہ کتوں کی بھرمار،شہریوں کی زندگی اجیرن
کاٹنے کے واقعات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ،شام ڈھلتے ہی گلیاں سنسان
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )محلہ اسلام نگر اسماعیل آباد پکاگڑھا میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ گلی محلوں، بازاروں میں دن رات گھومتے خطرناک کتوں کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں جبکہ کاٹنے کے واقعات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ۔ اہل علاقہ کے مطابق بچے ، بزرگ، خواتین گھروں سے نکلنے سے گھبرانے لگے ہیں شام ڈھلتے ہی گلیاں سنسان ہو جاتی ہیں۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کر ائی گئیں مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
شہریوں نے بتایا کہ آوارہ کتوں کے غول گلیوں میں دندناتے پھرتے ہیں موٹر سائیکل سواروں،پیدل چلنے والوں خواتین ، بزرگ سکول جاتے بچوں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں جس سے حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ حالیہ دنوں میں کتوں کے کاٹنے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جس کے باعث بچوں کے والدین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ میونسپل کارپوریشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے یا محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔