بانی پی ٹی آ ئی کو ذاتی معالج کی سہولت نہ دینا زیادتی :عمر ڈار
جب تک مسئلے کا حل نہیں نکلتا تب تک ہم دھرنے میں بیٹھے ہیں:رہنما پی ٹی آ ئی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصا ف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ان کے ذاتی معالج سے ملنے کی اجازت نہ دینا زیادتی ہے حالانکہ ذاتی ڈاکٹر یا ودیگر طبی سہولیات تک رسائی کئی ناجائز مطالبہ نہیں بلکہ آئین ،قانون اور جیل مینوئل کے تحت بنیادی انسانی حقوق ہے ۔ اعلیٰ عدلیہ اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود عمران خان کا مکمل اور نامناسب علاج ممکن نہ ہوسکا ہے جو نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے نظام انصاف کی ساکھ کیلئے نقصان دہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس،جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر، شفیع جان ،شاہد خٹک ،فیصل امین کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر عمران خان کے مقدمات کی فوری سماعت، اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت اور ذاتی ڈاکٹر سے طبی معائنہ کیلئے پرامن احتجاجی دھرنا دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلے کا حل نہیں نکلتا تب تک ہم دھرنے میں بیٹھے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج یا فیملی ممبر کی نگرانی میں علاج کرایا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی چیئرمین کا طبی معائنہ خاندان کے کم از کم ایک فرد کی موجودگی میں کیا جائے اور ذاتی ڈاکٹروں کی عدم موجودگی میں کوئی علاج شروع نہ کیا جائے ،بانی پی ٹی آئی کی صحت کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔