سیالکوٹ:سرکلر روڈ پر ڈکیتی ، مزاحمت پر نوجوان قتل
عمیر اعجاز اے ٹی ایم سے رقم لیکر نکلا تو ڈاکوئوں نے لوٹ کر فائرنگ کر دی ہسپتال منتقل کر تے راستے میں ہی دم توڑ گیا ، مقدمہ درج ، تحقیقات کا آ غاز
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تھانہ رنگ پورہ کی حدود سرکلر روڈ پر واقع میزان بینک کے باہر دوران ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا ۔ حسان اعجاز سکنہ راؤ کے د ئیے گئے بیان کے مطابق اسکا بھائی عمیر اعجاز چیزاپ کینٹ سیالکوٹ میں بطورِ سیلز مین کام کرتا تھا رات تقریباً 2 بجے بھائی کو لینے گیاواپسی پر سر کلر روڈ پر میزان بینک پر اے ٹی ایم مشین سے کچھ رقم نکلوانے کیلئے ر کے ، عمیر اعجاز اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر واپس آیا تو نامعلوم ڈکیت نے اسلحہ کے زور پر روک لیا دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر نا معلوم شخص نے عمیر کو گولی مار دی جس سے وہ زخمی ہو گیا، ملزم موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا ،لوگوں کی مدد سے نزدیکی ہسپتال پہنچے مگر عمیر اعجاز راستے میں ہی جاں بحق ہو گیا،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تفتیش کا آغاز کر دیا۔