گجرات:غلط پارکنگ ٹریفک بہائو میں سب سے بڑی رکاوٹ
دکانوں کے سامنے گاڑیاں کھڑی کرنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا:ڈی ایس پی
گجرات (نامہ نگار )ڈی ایس پی ٹریفک ظہیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس عوام کی سہولت، ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور شہری نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ماڈل روڈ منصوبے کے تحت بھمبر روڈ کو ماڈل روڈ بنانے جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں بھمبر روڈ پر قائم تمام ہسپتالوں، میڈیکل سٹورز، ریسٹورنٹس، مارکیٹس اور دیگر دکان داروں کو باضابطہ طور پر بریف کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ رانگ پارکنگ شہری ٹریفک کے نظام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کے باعث نہ صرف ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز، مریضوں، خواتین، بزرگوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانوں اور اداروں کے سامنے گاڑیاں کھڑی کرنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔