صبر کمزوری نہیں ،ایمان کی مضبوط ترین نشانی:حکیم صفدر گل
رمضان میں کیا گیا صبر قیامت کے دن راحت اور اجر کی صورت میں لوٹایا جائیگا
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )حکیم صفدر حنیف گل نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان صبر و برداشت کا حقیقی مفہوم سکھاتا ہے ، روزے کی حالت میں جب انسان کو بھوک اور پیاس کا سامنا ہوتا ہے تو یہی لمحہ اسے یہ احساس دلاتا ہے کہ صبر کمزوری نہیں بلکہ ایمان کی مضبوط ترین نشانی ہے ،انہوں نے کہا کہ رمضان کا اصل حسن بھوک میں نہیں بلکہ صبر میں پوشیدہ ہے ،جو شخص رمضان المبارک میں صبر کرنا سیکھ لیتا ہے ، وہ زندگی کی ہر آزمائش میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے ،صبر کرنے والا بندہ اللہ تعالیٰ کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے اور رمضان ہمیں اسی قربت کا راستہ دکھاتا ہے ،حکیم صفدر حنیف گل کا مزید کہنا تھا کہ روزہ انسان کو اپنی خواہشات پر قابو پانے کا درس دیتا ہے ، جو دراصل صبر کی اعلیٰ ترین صورت ہے ،رمضان المبارک میں ہر تکلیف اور آزمائش پر کیا گیا صبر قیامت کے دن راحت اور اجر کی صورت میں لوٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صبر وہ چراغ ہے جو رمضان کے مہینے میں دلوں کو نور سے بھر دیتا ہے جو شخص اس مقدس مہینے میں اپنے غصے اور جذبات پر قابو پا لیتا ہے ، وہی حقیقی معنوں میں صابر ہے ، رمضان ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فیصلوں پر راضی رہنا ہی سب سے بڑا صبر ہے ۔