مہنگائی آسمان چھو رہی ، حکمران عیاشی کررہے :طارق محمود
بے جا ٹیکسوں سے صنعتیں بند ، بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا:رہنما پی ٹی آ ئی
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار ) حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے ناجائز ٹیکسوں کا بوجھ صرف عوام پر ڈال دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پسماندہ طبقے کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا حکومت کی موجودہ معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی 25 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے جا چکی ہے مگرحکمران عوامی مشکلات سے بے نیازشاہانہ اخراجات اور عیاشیوں میں مصروف ہیں بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور غریب عوام پر بے جا ٹیکسوں کے نفاذ نے لوگوں کا گھریلو بجٹ تباہ کر دیا ہے اورانہی ٹیکسوں کی وجہ سے انڈسٹری بند ہوتی جا رہی ہے اور بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے میاں طارق محمود نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور اگر معاشی حالات اسی طرح رہے توعوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔