رمضان میں عوام کو سہولیات فراہم کرنا تر جیح :سعید احمد
پھالیہ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ سعید احمد کی زیر نگرانی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میونسپل کمیٹی پھالیہ میں مستحق اور نادار افراد کے لیے دسترخوان کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ سعید احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماہِ مقدس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے دسترخوان کے قیام کا مقصد مستحق، دیہاڑی دار اور مسافر افراد کو باعزت اور معیاری کھانا فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ رہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ سعید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ کھانے کے معیار، صفائی اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی منیر احمد ملک نے بتایا کہ دسترخوان پر روزانہ سینکڑوں افراد کو افطار اور کھانے کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو بہتر انداز میں سرانجام دے رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے۔