یوم شہادت حضرت علیؓ پر سکیو رٹی کے حوالے سے اجلاس

یوم شہادت حضرت علیؓ پر سکیو رٹی کے حوالے سے اجلاس

منڈی بہا ئوالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع منڈی بہا ئو الدین میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن عبدالمجید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس، اسسٹنٹ کمشنرز،سی او ایم سیز اور لائسنس داران و منتظمین مجالس نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 21رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے ، جلوسوں اور مجالس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں گے جس پر عملدرآمد کیلئے منصوبہ بندی وضع کر کے متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین بھی کر دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے اور امن کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔یوم علی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی، روٹس کی سکیورٹی ، صفائی ستھرائی،پیچ ورکس،سٹریٹ لائٹس،برقی تاروں کی درستگی،بلڈنگ میٹریل اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ سمیت دیگر انتظامات کو قبل از وقت یقینی بنایا جائے ، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے جوانان سمیت رضاکار ڈیوٹی پر موجود ہوں۔منتظمین متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ میں رہیں ،کسی بھی مسئلہ یا شکایت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں