عطائی ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ صحت کے ساتھ کھلواڑ

عطائی ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ صحت کے ساتھ کھلواڑ

پرائیویٹ اورغیر قانونی کلینکس کی چیکنگ بندہونے سے جعلی سپیشلسٹ کی بھرمار ،نا م اور مقام تبدیل کرکے اڈے چلانے لگے ، جعلی ادویات بھی فروخت

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ ڈویژن میں عطائی ڈاکٹرز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ،پرائیویٹ اورغیر قانونی کلینک کی چیکنگ بندہونے سے عطائی ڈاکٹر بڑی تعداد میں جعلی سپیشلسٹ بن گئے اورانسانی جانوں سے کھیلنے لگے ، ہیلتھ کیئر کمیشن اورہیلتھ اتھارٹی کی عطائی ڈاکٹرز اور جعلی کلینکوں کے خلاف سپیشل مہم بھی رک گئی ،سیل کلینکوں کے عطائی ڈاکٹروں نے نام اور مقام تبدیل کرکے دوبارہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنا شروع کردیا جبکہ محکمہ صحت کے افسر کاغذی کارروائی پوری کرنے لگے ۔ ضلعی انتظامیہ نے بھی ڈرگ انسپکٹروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بند کردیا۔ذرائع کے مطابق انتظامی افسر وں کے تبادلوں کے سبب ناقص اور غیر معیاری علاج ومعالجہ اور ادویات میں ملوث کلینکس اور میڈیکل سٹوروں کے خلاف مہم کاغذی کارروائی تک محدود رہ گئی ،ڈرگ انسپکٹرز کی ملی بھگت سے متعدد میڈیکل سٹورز میں جعلی ،مضر صحت اور نشہ آور ادویات فروخت ہو رہی ہیں جبکہ عطائی اور نان کوالیفائیڈ ڈاکٹرز جعلی کلینک کے ذریعے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ محکمہ صحت کی غفلت اور لاپروا ئی کے سبب عطائی کلینکوں اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹوروں کے خلاف کارروائی نہ ہوسکی ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں