سمبڑیال شہر میں عید پر کوڑے کے ڈھیر اور گندا پانی جمع
کئی مقامات پر گندا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )عید کے دنوں میں بھی شہر کے گلی محلوں اور گردونواح کے علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر اور گندا پانی جمع رہا، بعض علاقوں میں کئی ہفتوں بعد آنے والے سینٹری ورکرز عید اکٹھی کرکے رفوچکر ہو گئے ۔ عیدالفطر جیسے خوشیوں بھرے تہوار کے موقع پر جہاں شہری صاف ستھرے ماحول کی توقع رکھتے ہیں، وہیں شہر سمبڑیال اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور تعفن زدہ ماحول نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔
عید کے دنوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات نہ ہونے کے باعث گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ جمع ہوتا رہا جبکہ کئی مقامات پر گندا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔عیدالفطر سے قبل صفائی کے دعوے تو کیے گئے مگر عملی طور پر صورتحال برعکس نظر آئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم کی خرابی اور بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث گندا پانی کھڑا رہا جس سے نہ صرف بدبو پھیلی بلکہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید جیسے اہم موقع پر بھی اگر صفائی کے انتظامات بہتر نہ کیے جائیں تو یہ انتظامیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے ۔