ڈسکہ:عید پر پارکس ‘ تفریحی مقامات پر رش کنٹرول کرنا چیلنج

 ڈسکہ:عید پر پارکس ‘ تفریحی مقامات پر رش کنٹرول کرنا چیلنج

قانون نافذ کرنیوالے ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوکس رہے

ڈسکہ(نامہ نگار )ڈسکہ اورگردو نواح میں عیدالفطر کے دوسرے اور تیسرے روز خوشیوں کے رنگ عروج پر رہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور پارک، تفریحی مقامات اور عوامی جگہیں بھر گئیں ،کئی مقامات پر رش کو کنٹرول کرنا انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا ۔ شہر کے معروف ناشتہ پوائنٹس پر صبح سویرے ہی شہریوں کا رش امڈ آیااور لمبی قطاریں لگ گئیں۔ حلوہ پوری، نہاری اور دیگر روایتی پکوانوں کی خوشبو نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کی اصل خوشی اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے میں ہے ، اسی لئے وہ گھروں سے نکل کر پارکس اور ہوٹلوں کا رخ کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر شہر میں عید کا دوسر ا اور تیسرا روز خوشی، گہما گہمی اور سکیورٹی کے سائے میں گزرا جبکہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر چوکس رہے ۔ ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی عوامی نقل و حرکت کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ شہر بھر کے اہم تفریحی مقامات، پارک اور عبادت گاہوں کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی نگرانی جاری رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں