کھلونا اسلحہ کی بھرمار‘بچوں میں تشویشناک رجحان بڑھنے لگا
عید الفطر پر گلی محلوں میں بچے ایک دوسرے پر کھلونوں سے گولیاں برساتے رہے
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )عیدالفطر پر کھلونا اسلحہ کی بھرمار،بچوں میں تشویشناک رجحان بڑھنے لگا۔ عیدالفطر کے موقع پر علی پورچٹھہ اور گردونواح میں کھلونا اسلحہ کی فروخت عروج پر رہی جس کے باعث بچوں میں اسلحہ نما کھلونوں کا بڑھتا ہوا رجحان والدین اور سماجی حلقوں کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان بچوں کی ذہنی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے ۔عید کے تینوں روز بازاروں میں پلاسٹک اسلحہ کی دکانیں سجی رہیں جہاں ٹی ٹی پستول، ریوالور ،کلاشنکوف، ایم پی فائیو، ایس ایم جی، ایل ایم جی، پمپ ایکشن اور لیزر لگی رائفلز جیسے کھلونے کھلے عام فروخت ہوتے رہے ، ان میں سے بعض کھلونوں میں پلاسٹک کے علاوہ دھاتی گولیاں بھی استعمال کی جا رہی تھیں جو بچوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گلی محلوں میں بچے ایک دوسرے پر کھلونوں سے گولیاں برساتے نظر آئے اور اسلحہ کی نمائش کو اپنا پسندیدہ مشغلہ بنائے رکھا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر کھلونا اسلحہ کی فروخت ریکارڈ سطح تک پہنچ جاتی ہے جس سے ان کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے ۔ ماہرینِ تعلیم اور سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ موبائل، کارٹون، ڈراموں اور فلمی کلچر نے بچوں کے ذہنوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں جس کے باعث وہ کم عمری میں ہی اسلحہ اور تشدد کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلونا اسلحہ کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد کی جائے اور اس حوالے سے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے تاکہ بچوں کو منفی سرگرمیوں سے بچا کر مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے ۔