علی پورچٹھہ:گرانفروشی عروج پر ‘ غیر معیاری ا شیا فروخت

علی پورچٹھہ:گرانفروشی عروج پر ‘ غیر معیاری ا شیا فروخت

فاسٹ فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز اور بیکریوں نے بھی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں عیدالفطر پر گراں فروشی عروج پر رہی ، ناقص اشیا کے استعمال سے شہری بیمار پڑنے لگے ۔عیدالفطر کے موقع پر علی پورچٹھہ میں گراں فروشی نے تمام حدیں پار کر لیں جبکہ ناقص اور غیر معیاری خوراک کے استعمال سے متعدد شہری، خصوصاً بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ۔ رمضان المبارک کے دوران ہی مہنگائی کا طوفان شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لئے رہا تاہم عید کے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ قصابوں نے من مانے نرخ وصول کرتے ہوئے ناقص، بیمار اور لاغر گوشت فروخت کیا ، بکرے کا گوشت 2600روپے فی کلو اور بڑے گوشت کی قیمت 1400روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب فاسٹ فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز اور بیکریوں نے بھی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا۔ غیر معیاری آئل اور ناقص میٹریل سے تیار برگر، شوارما اور دیگر اشیا شہریوں میں بیماریاں پھیلانے کا سبب بنیں۔ طبی ماہرین کے مطابق مضر صحت اشیا کے استعمال سے ناک، گلے ، معدے اور پیٹ کے امراض میں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی انہیں مہنگائی اور غیر معیاری خوراک کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے مزید الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے رمضان میں کئے گئے جرمانوں کے باوجود دکانداروں نے عید کے دنوں میں من مانے ریٹ وصول کر کے جرمانوں کی رقم بھی پوری کر لی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تمام صورتحال میں خاموش تماشائی بنے رہے جس سے حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں