نوشہرہ ورکاں :یوم پاکستان پر میونسپل کمیٹی میں پرچم کشائی
ملک کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے :شرکا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )یوم پاکستان کے موقع پر میونسپل کمیٹی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال، تحصیلدار عثمان غنی گجر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مدثر فاروق بٹ، چیف آفیسر بلدیہ خالد رشید کمبوہ، انچارج ریسکیو 1122عرفان عبداﷲ موسیٰ سمیت سرکاری افسر ، اہلکاروں اور معززینِ شہر کے ہمراہ پرچم کشائی کی جس کے بعد ریلی نکالی گئی جو چوک تاجدار ختم نبوت پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کے ذریعے دو قومی نظریے کی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ فلاحی اور اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ ہوا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت میں محض 7برس کے قلیل عرصے میں پاکستان معرض وجود میں آ گیا ۔ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔