ملکی ترقی ، خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے : عبد الرزاق

ملکی ترقی ، خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے : عبد الرزاق

ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی ، ملکی استحکام ،سربلندی کیلئے دعا

حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار )ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم پاکستان کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پرچم کشائی کی، پولیس ،پیرا فورس‘ ریسکیو اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے سلامی پیش کی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو تنویر یاسین،ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس عرفان ملک سمیت پولیس، ریسکیو ، پیرا فورس کے افسر و دیگر شریک ہیں۔اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی، استحکام اور سربلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنرعبدالرزاق کاکہنا تھا کہ 23مارچ یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کادن ہے جس دن پاکستان کے قیام کیلئے قرار داد منظور کی گئی۔

قراد داد پاکستان ایک الگ اسلامی جمہوری وطن کے حصول اور آزادی کی جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔آج ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور انکے دیگر ساتھیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے قیام پاکستان کیلئے انتھک محنتیں اور کوششیں کیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بانی پاکستان کے فرموداد پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کی ترقی ، خوشحالی ،حفاظت اور استحکام کیلئے ہم سب کو مشترکہ جدو جہد کرنی ہے ۔انکاکہنا تھا کہ یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کر تی ہے جو ملک میں امن اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔اُن کا کہناتھا کہ تحریک پاکستان اور پاکستان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بزرگ، نوجوان اور ملک و قوم کی حفاظت کرنیوالے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات پوری قوم کیلئے فخر اور ناقابل فراموش ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں