سیالکوٹ : حادثے کے بعد جھولے سیل، ذمہ دار گرفتار

سیالکوٹ : حادثے کے بعد جھولے سیل، ذمہ دار گرفتار

گلشن اقبال پارک میں 4بچوں کے زخمی ہو نے کے بعد انتظامیہ متحرک ‘ جھولوں کے فٹنس اور سیفٹی سرٹیفکیٹ موجود ‘ گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھانے پر حادثہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گلشن اقبال پارک میں حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر تمام جھولے سیل، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے گلشنِ اقبال پارک، پسرور روڈ میں بچوں کے جھولوں کے حوالے سے پیش آنے والے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 21مارچ کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے گلشن اقبال پارک کے پلے ایریا میں بچوں کیلئے مختص مکینیکل رائیڈ بی رائیڈ پر حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی اور اوور لوڈنگ کے باعث بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کو فوری طور پر موقع پر بھیجا گیا جنہوں نے پارک کا معائنہ کیا۔ ابتدائی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ تمام جھولوں کے فٹنس اور سیفٹی سرٹیفکیٹ موجود تھے تاہم جھولوں کے استعمال کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اور گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھایا گیا جو حادثے کا سبب بنا۔ حادثے میں 4بچے زخمی ہوگئے تھے ۔غفلت برتنے والے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔ پو لیس نے 2ملزموں اصغر بشیر اور آرون محمد کاظمی کو گرفتار کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں