گورنر پنجاب سے وزیر آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
امید ہے نئی قیادت انصاف کی بالادستی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی:سردار سلیم
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا اور سابق جنرل سیکرٹری سید مزمل شاہ نے ملاقات کی ، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، وزیرآباد ڈسٹرکٹ بار کی ترقی خوشحالی اور شہر کو درپیش مختلف شہری معاملات پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وکلا برادری کے کردار، انصاف کی فراہمی میں بار ایسوسی ایشن کی اہمیت اور مقامی سطح پر درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا نے گورنر پنجاب کو وزیرآباد کے دورے کی باضابطہ دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے جلد آمد کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر پنجاب نے وزیرآباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام عہدیدار وں اور ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت وکلا برادری کی فلاح و بہبود اور انصاف کی بالادستی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔