گوجرانوالہ چیمبر کا چینی برآمد کرنے کی پالیسی پر اظہار تشویش
چینی کے بجائے مصنوعات تیارکرکے برآمد کی جائیں تاکہ زیادہ زر مبادلہ ملے :صدر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ نے حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد کی پالیسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کے باعث مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے کنفیکشنری سمیت ہزاروں چھوٹی اور بڑی صنعتیں شدید مشکلات کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ چینی بطور خام مال بیرونِ ملک بھیجنے کے بجائے مقامی صنعت کو فراہم کرے تاکہ تیار شدہ مصنوعات برآمد کر کے ملک کو زیادہ زرِ مبادلہ حاصل ہو سکے ۔
علی ہمایوں بٹ نے مزید کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف صنعتی پیداوارکی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ عام آدمی بھی مہنگائی کے بوجھ تلے دب رہا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو متعدد کارخانے بند ہونے کا خدشہ ہے جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چینی پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED)کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ اس وقت فی کلو تقریباً 15روپے کا اضافی بوجھ انڈسٹری پر پڑ رہا ہے جس سے پیداواری لاگت مزید بڑھ رہی ہے ۔