حافظ آباد:ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹنے والا گینگ گرفتار

حافظ آباد:ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹنے والا گینگ گرفتار

خاتون بھی شامل ، ملزم سرکاری افسروں کی شناخت استعمال کرکے فراڈ کرتے

حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دُنیا )سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسر بن کر اور ہنی ٹریپ کے ذریعے پنجاب بھر میں ملازمین و عام شہر یوں کو لوٹنے والا منظم گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، ملزموں میں خاتون بھی شامل ہے ۔ گینگ سرکاری افسر وں کی شناخت استعمال کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں ملازمین کو نشانہ بناتا اور حیلوں بہانوں سے ان سے رقم اور قیمتی اشیا ہتھیا لیتا تھا۔ ملزم خود کو مختلف سرکاری محکموں کا نمائندہ ظاہر کر کے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو اعتماد میں لیتے اور بعد ازاں انہیں دھوکہ دے کر لوٹ لیتے تھے۔

تھانہ سٹی حافظ آباد پولیس نے خفیہ اطلاعات اور جدیدٹیکنالوجی و تفتیشی طریقوں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے ملزموں کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ،ملزموں سے موبائل فونز ، مختلف ڈیوائسز اور دیگر شواہد بھی برآمد کئے گئے ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون ملزمہ کو ہنی ٹریپ کے ذریعے عام شہریوں کو لوٹنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا ۔ ڈی پی او کامران حمید کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لوٹنے اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں