احمد نگر :ایسٹر کے موقع پر حادثے میں زخمی نوجوان چل بسا
صوبائی وزیر رمیش سنگھ کا دورہ مریم آ باد‘ورثا سے ملاقات ، زخمیوں کی عیادت
وزیرآباد، علی پور چٹھہ ، احمد نگر چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا )ایسٹر کے موقع پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہونیوالوں میں سے ایک نوجوان چل بسا ۔گزشتہ روز حادثے کے بعد صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ مریم آباد پہنچ گئے ۔انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔صوبائی وزیر جاں بحق ہونے والے نوجوان عرفان مسیح کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے حادثے کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار وں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز حادثہ میں 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جب ایسٹر کے سلسلہ میں مسیحی برادری کے افراد مریم آباد میں واقع مرکزی چرچ کیلئے جلوس کی صورت میں جا رہے تھے۔