سوشل سکیورٹی ہسپتال کی ری ویمپنگ کیلئے 15 مئی ڈیڈلائن
منصوبے کی تکمیل سے ہسپتال میں 50 سے 100 بیڈز تک کا اضافہ ہوگا:منشا اللہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب منشا اﷲ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا اور جاری ری ویمپنگ و امپرومنٹ منصوبہ کا جائزہ لیتے ہوئے اسے ہر صورت 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔اس موقع پر کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوٹ ذوالفقار علی کھرل اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب فیصل اکرام بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار پر سمجھوتا نہیں کیا جائیگا کیونکہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت اور تیزی کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔ منشا اﷲ بٹ نے بتایا کہ 141 ملین روپے کی لاگت سے جاری ری ویمپنگ منصوبے کی تکمیل سے ہسپتال کی گنجائش میں 50 بیڈز سے 100 بیڈز تک کا اضافہ ہوگا جس سے علاقے کے محنت کشوں کو علاج معالجے کی وسیع سہولیات میسر آئیں گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے سوشل سکیورٹی منی ہاسپٹل سلور سٹار فیکٹری کا دورہ بھی کیا، چیف ایگزیکٹو جہانگیر شیخ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے سلور سٹار فیکٹری کی طرف سے سوشل سکیورٹی منی ہسپتال کو عطیہ کی جانیوالی ایمبولینس بھی وصول کی۔