پاکستان جنگ کا حامی نہیں ، امن پسند قوم ہیں :عبد الرزاق
امن کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشیں قابل ستائش
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے کہا ہے کہ ایران ،امریکہ جنگ بندی اور خطے میں قیام امن کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور آج دنیا پاکستان کی لیڈر شپ کی فہم و فراست،عقل و دانش اور بہتر فارن پالیسی پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے ، آج کا دن نہ صرف پاکستان اور بلکہ اقوام عالم کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اس نے ہمیشہ امن کے فروغ کو ترجیح دی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی اور بالخصوص علما کرام دنیا کو اپنے اتحاد و اتفاق،مذہبی ہم آہنگی،رواداری،صبر و تحمل کا عملی ثبوت دیتے ہوئے یہ ثابت کریں کہ پاکستان کبھی جنگ کا حامی نہیں رہا ہم امن پسند قوم ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی مخالفت کی ۔ علما کرام نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت،بہتر حکمت عملی اور خارجہ پالیسی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انشاء اﷲ خطے میں جنگ بندی اور مکمل امن کیلئے کوشش جاری رکھیں گے ۔