نوشہرہ :رشوت کے الزام پر وکیل ،گیپکو افسر آمنے سامنے
فیصل ایڈووکیٹ کے رشوت مانگنے کے الزامات ،ایس ڈی او مبشر حسین کی تردید
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )رشوت کے الزام پر وکیل اور گیپکو افسر آمنے سامنے ، معاملہ تنازع کی شکل اختیار کرگیا۔بتایاگیا ہے کہ تحصیل بار نوشہرہ ورکاں کے رکن فیصل آفتاب نے الزام عائد کیا کہ ایس ڈی او و گیپکو مبشر حسین نے ان کے جائز کام کے عوض رشوت کا مطالبہ کیا اور انکار پر ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیااس واقعہ پر تحصیل بار ایسوسی ایشن نوشہرہ ورکاں نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گیپکو کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ افسر کے تبادلے کا مطالبہ کیا، جنرل سیکرٹری تحصیل بار ایسوسی ایشن حافظ سہیل رسول ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وکلا برادری احتجاج اور سخت لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہو گی ۔دوسری جانب ایس ڈی او نوشہرہ ورکاں مبشر حسین نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کی ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی فیصل آفتاب ایڈووکیٹ سے نہیں ملے ۔ ان کے مطابق اصل معاملہ ان کے اسسٹنٹ لائن مین وقار اور مذکورہ وکیل کے درمیان سابق بجلی بل کی ادائیگی کے تنازع کا ہے جس پر انہوں نے قانونی کارروائی کیلئے درخواست دی تھی تاہم بعد ازاں ان کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات عائد کر د ئیے گئے ۔