امتحانی نظام میں شفافیت لانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز

امتحانی نظام میں شفافیت لانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز

بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ڈیجیٹل اٹینڈنس سسٹم کے نفاذ سے جعلی امیدواروں کا خاتمہ

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ نے امتحانی نظام میں شفافیت لانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مزید تیز کر دیا ۔ بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ڈیجیٹل اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم (DIMS) کے نفاذ سے جعلی امیدواروں اور بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ۔ کنٹرولر امتحانات احتشام جان بٹ ، سیکرٹری بورڈ عبدالرشید بٹ اور پروفیسرز نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گوجرانوالہ بورڈ پنجاب کا پہلا بورڈ بن چکا ہے جو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ/ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی خصوصی کاوشوں سے یہ سنگ میل حاصل کیا گیا۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر احتشام جان بٹ نے بتایا کہ رواں سال میٹرک امتحانات میں 686 امتحانی مراکز قائم کیے گئے جہاں طلبہ اور عملے دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ DAMS سسٹم کے تحت ہر امیدوار کا رول نمبر اور جوابی کاپی سکین ہو جاتی ہے جس سے کسی بھی قسم کی جعلسازی کا امکان ختم ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جعلی امیدوار کسی طرح امتحانی مرکز میں داخل بھی ہو جائے تو جدید نظام کے ذریعے فوری پکڑا جا سکتا ہے ۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ جاری امتحانات میں اب تک ایک بھی جعلی امیدوار سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے ہر 30 سینٹرز پر ایک آئی ٹی ٹیچر بطور کوآرڈینیٹر تعینات کیا ہے تاکہ کسی بھی تکنیکی خرابی کو فوری دور کیا جا سکے ۔ ڈاکٹر احتشام جان بٹ نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے باعث جوابی کاپیوں کے گم ہونے یا تبدیل ہونے کے واقعات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں،آئندہ امتحانات میں چھوٹے سینٹرز کے بجائے بڑے امتحانی ہالز قائم کیے جائیں گے ۔ تاکہ نگرانی کا نظام مزید شفاف بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں