حافظ آباد: جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، نالیوں کی عدم صفائی، شہریوں کی زندگی اجیرن

حافظ آباد: جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، نالیوں کی عدم صفائی، شہریوں کی زندگی اجیرن

ستھراپنجاب پروگرام کے منیجنگ ڈائریکٹر خرم حمید کا چارج سنبھالتے ہی ساگر روڈ اور ملحقہ گلیوں کا دورہ ، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر نجی کمپنیوں کے افسروں پر برس پڑے ،معاملات درست کرنے کا حکم

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ستھراپنجاب پروگرام کے اہلکاروں کی ناقص کارکردگی کا پول کھل گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید ستھراپنجاب پروگرام کے منیجنگ ڈائریکٹر کا چار ج سنبھالتے ہی شہر کے اچانک دورے پر نکلے تو وہ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیروں اور نالیوں کی عدم صفائی پر نجی کمپنی کے افسر وں پر برس پڑے ۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید نے ساگر روڈ اور ملحقہ گلیوں کا دورہ کیا تو وہاں جگہ جگہ کوڑے ڈھیر اور نالیوں کی عرصہ دراز سے صفائی نہ کئے جانے سے تعفن پھوٹ رہاتھا ۔ اس موقع پر شہریوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے جس سے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بن چکی ، نجی کمپنی کے ملازمین اور افسر صرف مین شاہرا ہوں اور مخصوص علاقوں میں صفائی کر نے میں مصروف ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے نجی کمپنی کے افسروں کو اپنا قبلہ فوری درست کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ شہر کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا فوری معقول انتظام کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں