آئوٹ سورس سکولوں میں مسائل بارے جائزہ اجلاس
محفوظ و بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومتِ کی اولین ترجیح :سی ای او ایجو کیشن
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آؤٹ سورسڈ سکولوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ویمن) سیدہ شگفتہ ترمذی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) سید سبطین مظہر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) اور پیف و پیما کے تحت تعلیمی نیٹ ورکس/این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران آؤٹ سورسڈ سکولوں سے متعلق مختلف اہم امور بشمول طلبا کی نادرا ویری فکیشن، خطرناک اور مخدوش کلاس رومز کی نشاندہی اور دیگر انتظامی و تعلیمی مسائل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسر وں اور نمائندگان کو ہدایت کی گئی کہ تمام امور مقررہ ایس او پیز کے مطابق فوری طور پر نمٹائے جائیں اور عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آؤٹ سورسڈ سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی، طلباء کی حفاظت اور محفوظ و بہتر تعلیمی ماحول کی یقینی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسروں اور شراکت دار اداروں کو ہدایت کی کہ انتظامی و تدریسی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ تعلیمی نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے ۔