سپر طاقتوں کی پسپائی کی تاریخ پرانی ہے :ڈاکٹر طارق
پاکستان، ترکیہ ، ایران سعودی عرب مسلم دنیا کو کھویا مقام دلانے میں کردارادا کریں
گجرات (سٹی رپورٹر،نامہ نگار )ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مرکزی صدرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ملی یکجہتی کونسل پنجاب شمالی کے صدرڈاکٹرطارق سلیم سمیت مرکزی وصوبائی صدورنے شرکت کی، اجلاس میں ملک و امت مسلمہ کودرپیش مسائل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، حکومت پاکستان اورفیلڈ مارشل کی سفارتی محاذ پرکوششوں کوبھی سراہا گیا۔ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے ایران اسرائیل امریکہ جنگ میں ایران فلسطین کے مسلمانوں کی قربانیوں، استقامت جرات کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اور ایرانی قیادت کی جرات ہمت اور طاغوت کے سامنے ڈٹ جانا، اس کے دانت کھٹے کرنا قابل تقلید ہے ، پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے جس تدبر حکمت اور سمجھداری سے اپنا رول نبھایاہے آج مشرق کا جنیوا ااسلام آباد بنا ہوا ہے ڈاکٹر طارق سلیم نے تجویز دی کہ قومی سطح کی کانفرنس بلائی جائے جس میں صحافی، سیاستدان، عسکری ماہرین،مذہبی پیشواؤں کو شرکت کی دعوت دی جائے تاکہ ملی وحدت، یکجہتی کی فضا قائم ہو،انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قیادت ان سفارتخانوں کا دورہ کرے جنہوں نے اس مشکل کھڑی میں امریکہ اسرائیل کے مقابلے میں مسلمانوں کا ساتھ دیا ہے ،ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ سپر طاقتوں کی پسپائی کی تاریخ پرانی ہے ، پاکستان، ترکیہ ، ایران سعودی عرب مصر مشترکہ حکمت عملی اختیار کر کے مسلم دنیا کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں اپنا رول ادا کریں۔