سیالکوٹ :قدیم بازاروں کا سیوریج 3ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم

 سیالکوٹ :قدیم بازاروں کا سیوریج 3ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم

واٹر سپلائی لائنز کی تنصیب اور ری کنکشن کا عمل بھی مکمل کیا جائے :ڈپٹی کمشنر صبا اصغر

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شہر میں تاریخی ورثے کی بحالی اور شہری حسن میں اضافے کیلئے جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت اقبال منزل اور اس سے ملحقہ قدیم بازاروں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران متعلقہ محکموں کی جانب سے منصوبے پر جاری کاموں، درپیش چیلنجز اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلمان نثار نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف امور کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے واسا کو ہدایت کی کہ سیور لائن بچھانے کا کام آئندہ 3 ہفتوں میں ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق دن رات جاری رہنے چاہئیں۔

اس کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی لائنز کی تنصیب اور ری کنکشن کا عمل بھی مکمل کیا جائے تاکہ کسی قسم کی لیکیج یا خرابی کا امکان باقی نہ رہے ۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ شاپس اور مکانات پر نیون سائنز ، فساڈ کی رنگ و روغن امپروومنٹ اور لائٹس کی تنصیب، بجلی کے تاروں کی تنظیم نو، انٹرنیٹ و کیبل سروسز کی ری سیٹلمنٹ، واٹر سپلائی اور گیس لائنوں کی منتقلی کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام 30 جون تک سکوپ آف ورک کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اقبال منزل اور ملحقہ بازاروں کا بیوٹیفکیشن منصوبہ سیالکوٹ کی تاریخی شناخت کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں