اوقات کار کی پابندی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار مفلوج، دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر
رات کے وقت لگنے والی فوڈ سٹریٹس اور چھوٹے سٹالز بند،یومیہ اجرت پر کام کر نے والے فاقوں پر مجبور ، کاروباری افراد اور شہریوں کا سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر نظر ثانی،لوڈ شیڈنگ کم کرنے کا مطالبہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )اوقات کار کی پابندی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار مفلوج، دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہونے لگا ۔تفصیلات کے مطابق دن کے اوقات میں کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے دکان داروں اور چھوٹے تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب رات کے اوقات میں نافذ سمارٹ لاک ڈاؤن کو شہریوں نے غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کفایت شعاری کے بجائے صرف غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت لگنے والی فوڈ سٹریٹس اور چھوٹے سٹالز مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں ،سٹالز سے وابستہ افراد اب فاقوں پر مجبور اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ شہریوں نے مزید کہا کہ پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے پہلے ہی عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رکھا ہے ،فیصلہ سازوں کو عوام کی مشکلات کا ادراک نہیں اور موجودہ پالیسیاں غریب کش ثابت ہو رہی ہیں۔ تجارتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے لوڈ شیڈنگ کو کم کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکیں ۔