پٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی مسترد، عوام کا شدید ردعمل

پٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی  مسترد، عوام کا شدید ردعمل

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ معمولی کمی کو شہریوں، تاجروں اور مزدور طبقے نے مسترد کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے ۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں صرف 12 روپے کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ، ماضی میں قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا گیا جبکہ کمی نہایت معمولی کی جاتی ہے جس سے عام آدمی کو کوئی حقیقی ریلیف حاصل نہیں ہوتا۔شہریوں نے کہا عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات اب بھی بلند سطح پر برقرار ہیں جس کے باعث عوام شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔عوامی و تجارتی حلقوں کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے جس سے ٹرانسپورٹ کرائے بڑھ جاتے ہیں، اشیائے خوردونوش مہنگی ہو جاتی ہیں ، بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہونے سے بل بھی بڑھ جاتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں