علی پورچٹھہ:اغوا کے بعد لڑکی سے زیادتی ،مرکزی ملزم گرفتار

علی پورچٹھہ:اغوا کے بعد لڑکی سے زیادتی ،مرکزی ملزم گرفتار

لڑکی بیوٹی پارلر پر کام کر تی ،ارسلان اور احمد زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں 21 سالہ لڑکی سے زیادتی، مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔ نواحی گاؤں سید نگر میں لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔ متاثرہ لڑکی علی پورچٹھہ میں بیوٹی پارلر پر کام کرتی ہے اور ایف آئی آر کے مطابق ملزم ارسلان اور احمد چٹھہ کافی عرصہ سے ہراساں کر رہے تھے ۔ گزشتہ روز لڑکی کام کیلئے گاؤں سے شہر آئی تو مدینہ چوک کے قریب ملزموں نے اسے زبردستی گاڑی میں بٹھا کر رحمت پیلس کے قریب ایک ڈیر ے پر لے جا کر مبینہ طور پر ارسلان نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں دھمکیاں دیتے فرار ہو گئے ۔ متاثرہ لڑکی نے واقعہ کے بعد پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جس پر تھانہ علی پورچٹھہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم ارسلان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جہاں سے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا جبکہ دوسرا ملزم احمد چٹھہ عبوری ضمانت پر ہے ۔ اس حوالے سے سب انسپکٹر محمد عمران کا کہنا ہے کہ ملزموں کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے ہر ممکن قانونی اقدامات کئے جائیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں