بااثر افراد کی فائرنگ ،نوجوان زخمی ، ایک شہری پر تشدد
نامزد ملزم سرکاری ملازمین اور قانونی کارروائی پر اثر انداز ہو رہے :متاثرہ خاندان
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)تھانہ کینٹ کے علاقے کوٹلی صابو میں معمولی رنجش پر بااثر افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کر دیا جبکہ دوسرا شہری تشدد سے زخمی ہو گیا۔ ایف آئی آر درج ہونے اور ملزموں کی جدید اسلحہ کے ساتھ تصاویر منظرِ عام پر آنے کے باوجود پولیس کسی ملزم کو گرفتار نہ کر سکی ۔ مدعی مقدمہ عدنان نے تھانہ کینٹ میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ طلحہ، حمزہ، عثمان، فیاض اور توصیف وغیرہ نے مسلح ہو کر ان کے گھر کے باہر بیٹھے اسکے بھائیوں پر فائرنگ کی ، غلام محی الدین گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا، ملزموں نے فرار ہونے سے قبل پسٹل کے بٹ مار کر حسن جمیل کو بھی زخمی کر دیا۔متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ نامزد ملزم سرکاری ملازمین اور انتہائی بااثر ہیں اور قانونی کارروائی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ مدعی کا کہنا ہے کہ ملزموں کے دباؤ کی وجہ سے ڈاکٹرز نے زخمی کی حتمی میڈیکو لیگل رپورٹ تاحال روک رکھی ہے تاکہ کیس کو کمزور کیا جا سکے ۔