علی پورچٹھہ مریم نواز ہسپتال کے باہر میڈیکل ویسٹ کے ڈھیر
ویسٹ کو سرعام پھینکنے کا انکشاف ، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیکر کارروائی، تلفی کا مطالبہ
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ مریم نواز ہسپتال کے باہر میڈیکل ویسٹ کے ڈھیر، ویسٹ کو سرعام پھینکے جانے کا انکشاف ہونے پر شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ہسپتال میں استعمال شدہ گلاس، ڈرپس، سرنجز، بلیڈز اور زائد المیعاد ادویات کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کی بجائے ہسپتال کے باہر سڑک کنارے پھینکا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال تاحال چار دیواری سے محروم ہے جسکے باعث یہ خطرناک طبی فضلہ کھلے عام پڑا رہتا ہے جہاں شہری اور بچے بھی کھیلتے نظر آتے ہیں۔ بعض نشہ کے عادی افراد استعمال شدہ سرنجز کو دوبارہ استعمال کر کے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جبکہ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پلاسٹک پر مشتمل میڈیکل ویسٹ کو غیر قانونی طور پر ری سائیکل کر کے دوبارہ مارکیٹ میں لایا جا رہا ہے جو انسانی صحت کیلئے نہایت خطرناک ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث ہیپاٹائٹس، ایڈز، ٹی بی اور دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیکر سخت کارروائی اور میڈیکل ویسٹ کی تلفی کا مطالبہ کیا ہے ۔