ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیرآباد میں ڈے کیئر سنٹر کاافتتاح
ڈی سی کا ہسپتا ل میں طبی سہولیات کا بھی جائزہ ، شجرکاری، سیمینار سے خطاب
گوجرانوالہ،وزیر آباد (سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ورکنگ ویمنزکو سہولیات فراہمی کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال وزیرآباد میں ڈے کیئر سنٹر قائم کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھوراور دیگر متعلقہ افسروں کے ہمراہ ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیااور کہا کہ ڈے کیئر سنٹر کا مقصد ہسپتال میں خدمات انجام دینے والی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری چیک کی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی، حاضری اور ادویات دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا اورشہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر قومی مہم کا حصہ بنیں تاکہ پنجاب کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ اور رفاعی ادارے کے تعاون سے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال وزیرآباد میں گائناکولوجیکل فسچولا کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ماہرین نے کہاگائناکولوجیکل فسچولا قابلِ علاج مرض ہے اور بروقت طبی مداخلت سے مریضہ کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ دورانِ ڈیوٹی فرائض خلوص نیت اور دیانتداری سے انجام دیں تاکہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔